پاکستان-افغان سرحد 40 روز سے بند، ٹرانسپورٹ اور تجارت معطل

پاکستان-افغان سرحد 40 روز سے بند، ٹرانسپورٹ اور تجارت معطل

پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی معاہدوں اور حفاظتی وجوہات کے باعث مختلف سرحدی راستے گزشتہ 40 روز سے بند ہیں، جن میں چمن کا باب دوستی، خیبر کا طورخم، شمالی وزیرستان کا غلام خان، جنوبی وزیرستان کا انگور اڈا، اور ضلع کرم کا خرلاچی شامل ہیں۔

چمن کے باب دوستی سے ہر قسم کی تجارت اور ویزہ کے ذریعے سفر آج بھی معطل ہے۔ لیویز حکام کے مطابق، سندھ، پنجاب، اور بلوچستان میں غیرقانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی سرحد سے انخلا جاری ہے۔حکام کے مطابق، طورخم میں تجارتی گزرگاہ بند ہونے کی وجہ سے کارگو گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ اسی طرح، شمالی وزیرستان کے غلام خان، جنوبی وزیرستان کے انگور اڈا، اور ضلع کرم کے خرلاچی سرحد بھی بند ہیں، جس کی وجہ سے مال بردار گاڑیاں اور دیگر آمدورفت مکمل طور پر معطل ہے۔یہ بندش اقتصادی سرگرمیوں، تجارتی روابط، اور سفری سہولیات کو متاثر کر رہی ہے، اور سرکاری حکام اس صورتحال کو جلد حل کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔