سری لنکن کپتان نے کھلاڑیوں کو دورہ ادھورا چھوڑنے پر اکسایا

کپتان چریتھ نے دورہ ختم کرنے کی دھمکی دی،اسالنکا کو ٹیم کی کپتانی سے ہٹا دیا جائے گا 
کولمبو (خصوصی رپورٹ ): ون ڈے سیریز کے دوران کس نے سری لنکن کھلاڑیوں کو دورہ پاکستان چھوڑنے پر اْکسایا وہ نام سامنے آ گیا۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے دوران پہلے میچ کے بعد سری لنکن ٹیم کی جانب سے اچانک دورہ پاکستان ادھورا چھوڑ کر اپنے وطن واپس جانے کی درخواست کی گئی اور اطلاعات کے مطابق 8 کھلاڑی سری لنکا واپس جانے کے لیے تیار تھے۔اس سارے ڈرامے کے پیچھے کس کا کردار تھا اور کس نے کھلاڑیوں کو دورہ پاکستان چھوڑنے پر اکسایا، سری لنکن میڈیا نے اس کا نام افشا کر دیا۔سری لنکن میڈیا کے مطابق آئی لینڈرز کو دورہ پاکستان ادھورا چھوڑ کر وطن واپسی پر اکسانے والے کوئی اور نہیں بلکہ سری لنکن کپتان چریتھ اسالنکا تھے، جنہوں نے پہلے دورہ پاکستان ختم کرنے کی دھمکی دی اور پھر کھلاڑیوں کو دورہ ادھورا چھوڑنے پر اکسایا۔سری لنکن میڈیا کا کہنا ہے کہ سری لنکا کرکٹ بورڈ کے حکام کپتان اسالنکا کے رویہ پر حیران ہوئے اور اب ان کے خلاف کارروائی کا امکان ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق چریتھ اسالنکا کو سری لنکا ٹیم کی کپتانی سے ہٹا دیا جائے گا اور جلد یہ اعلان ہونے کا امکان ہے۔چریتھ اسالنکا ایک روزہ سیریز مکمل ہونے کے بعد وطن واپس روانہ ہو چکے ہیں