سری لنکن بائولرز نے مواقع گنوائے: سری لنکن بائولنگ کوچ

پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ سپنرز کیلئے مشہور، وائٹ بال سیریز میں پچز نے فاسٹ بائولرز کو مدد فراہم کی،ریان وین نکرک
راولپنڈی (سپورٹس ڈیسک)سری لنکن ٹیم کے بائولنگ کوچ ریان وین نکرک نے کہا ہے کہ پاکستان راولپنڈی ٹیسٹ میں آگے ہے، سری لنکن بائولرز نے تھوڑی قسمت ساتھ نہ دینے کی وجہ سے مواقع گنوائے۔راولپنڈی میں پاکستان کیساتھ شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن کھیل کے اختتام کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سری لنکن بائولنگ کوچ کا کہنا تھا کہ سری لنکن فاسٹ بائولرز نے اچھی بائولنگ کی، مزید بہتر کرسکتے تھے۔ سری لنکن بائولنگ سے مکمل طور پر مطمئن نہیں ہوں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ اسپنرز کے لیے مشہور ہے۔ وائٹ بال سیریز میں پچز نے فاسٹ بائولرز کو مدد فراہم کی۔ سری لنکا گزشتہ کچھ عرصے سے اسپنرز پر زیادہ انحصار کرتا رہا ہے۔ریان وین نکرک کا کہنا تھا کہ پاکستان راولپنڈی ٹیسٹ میں آگے ہے، سری لنکن بائولرز نے تھوڑی قسمت ساتھ نہ دینے کی وجہ سے مواقع گنوائے۔ راولپنڈی ٹیسٹ کی پچ پر شروع میں کافی گھاس موجود تھی۔سری لنکن بائولنگ کوچ نے کہا کہ پاکستان کی بیٹنگ لائن نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، صرف تین سینئر بیٹرز موجود ہیں۔ راولپنڈی ٹیسٹ کی پچ پورے میچ کے دوران اچھی ثابت ہوگی۔ سری لنکن بائولرز وکٹیں حاصل کریں گے تو میچ میں واپس آسکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو 300 سے کم رنز پر آؤٹ کرنا ہمارا ہدف ہے۔ کبھی کبھی بائولرز کو وکٹیں حاصل کرنے کے لیے صبر سے کام لینا پڑتا ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین بائولنگ کے باوجود کبھی کبھی وکٹیں نہیں ملتیں۔ریان وین نکرک نے کہا کہ پہلے روز گیند نے زیادہ اسپن نہیں کیا، اسپنرز پچ کے باؤنس سے فائدہ اٹھا کر کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ مجھے نہیں لگتا کہ ٹیسٹ کے آخری روز بھی پچ پر گیند زیادہ ٹرن ہوگی۔