کالعدم تحریک لبیک کیخلاف 12 مقدمات کی تفتیش ، 12جے آئی ٹیز تشکیل

مقدمات کی تفتیش کے لیے جے آئی ٹیز بنانے کی درخواست پنجاب پولیس نے کی تھی
لاہور(کرائم رپورٹر) محکمہ داخلہ پنجاب نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان کیخلاف 12 مقدمات کی تفتیش کے لیے 12جے آئی ٹیز تشکیل دے دیں۔ذرائع محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق 7 جے آئی ٹیز لاہور اور 5 شیخوپورہ میں درج مقدمات کی تفتیش کریں گی۔جے آئی ٹیز دہشتگردی سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت درج مقدمات کی تفتیش کریں گی جبکہ جے آئی ٹیز میں پولیس، سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کے نمائندے شامل ہیں۔ان مقدمات کی تفتیش کے لیے جے آئی ٹیز بنانے کی درخواست پنجاب پولیس نے کی تھی، کالعدم ٹی ایل پی کے خلاف 75 سے زائد مقدمات میں 2 ہزار سے زائد نامزد شرپسند گرفتار ہیں۔