کالعدم تحریک لبیک کے 23 ارب 40 کروڑ کے اثاثے منجمد

 90 فنانسرز کیخلاف مقدمات ، جدید اسلحہ، بلٹ پروف جیکٹس بھی برآمد کی گئیں:عظمیٰ بخاری
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے 23 ارب 40 کروڑ کے اثاثے اور 92 بینک اکائونٹس منجمد کر دیئے گئے ہیں ،اس کے علاوہ کالعدم جماعت کے 90 فنانسرز کے خلاف مقدمات اور نفرت انگیز مواد پھیلانے پر مزید 31 کیسز درج کر دیئے گئے ہیں،کالعدم جماعت سے جدید اسلحہ، بلٹ پروف جیکٹس اور شیلز کی بڑی تعدادبھی برآمد کر لی گئی ہے۔عظمیٰ بخاری نے جاری ایک بیان میں مزید کہا ہے کہ پنجاب میں 84 فیصد آئمہ کرام کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کر لیا، آئندہ چند دنوں میں 100 فیصد رجسٹریشن مکمل ہو جائے گی ،وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہمیشہ آئمہ کرام کے کردار کو سراہا ہے ،محکمہ داخلہ پنجاب نے پانچ وفاق المدارس کو بھی آن بورڈ کر لیا اور بہت جلد مدارس کی باقاعدہ رجسٹریشن کا آغاز کیا جائے گا،صوبے میں وال چاکنگ پر مکمل پابندی ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ صرف تین ہفتوں میں پنجاب سے 6 ہزار 220 افغان مہاجرین کو ان کے ملک واپس بھیجا گیا ، یہ ممکن نہیں کہ دہشت گرد پنجاب سے بھاگ کر دوسرے صوبوں میں پناہ لے لیں، لہذا معاملے کو وفاقی حکومت اور ایپکس کمیٹی کے سامنے رکھا جا رہا ہے،بہت کم افغان شہری اب پنجاب میں موجود ہیں جن لوگوں نے افغان باشندوں کو گھروں میں پناہ دی ان کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کے متعدد اضلاع جہلم، چکوال، اٹک، پاکپتن، خوشاب اور بہاولپور میں ڈکیتی، راہزنی اور چوری کی وارداتوں میں 70 سے 90 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے خواتین پر تشدد یا جرائم کے کیسز میں ڈرون سرویلنس کے استعمال کی منظوری بھی دے دی ہے۔