اسلام آباد (آئی این پی )ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی )پاکستان نے امریکا کی 100 اعلی یونیورسٹیوں میں پی ایچ ڈی اسکالرشپ کیلئے درخواستیں جمع کرانے کا آغاز کر دیا ۔ایچ ای سی کے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ اسکالرشپس یو ایس۔پاکستان نالج کوریڈور پروجیکٹ کے تحت پیش کی جا رہی ہیں۔ اس پروگرام کو دو کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔پہلی کیٹگری میں امریکا کی ٹاپ 50 جامعات شامل ہیں، جہاں اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کو ٹیوشن فیس کے ساتھ اسٹائپنڈ اور ہیلتھ انشورنس بھی فراہم کی جائے گی۔دوسری کیٹگری میں 51 سے 100 نمبر تک کی یونیورسٹیاں رکھی گئی ہیں، جن کے لیے سالانہ 12 ہزار ڈالر کی ٹیوشن، اسٹائپنڈ اور ہیلتھ انشورنس دی جائے گی۔اسکالرشپ کیلئے درخواستیں 30 اپریل 2026 تک ایچ ای سی کی ویب سائٹ کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہیں۔