نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا
اسلام آباد (آن لائن) نائب وزیراعظم پاکستان اسحاق ڈار نے روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات اور خطے و عالمی سطح پر تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات ایس سی او (شنگھائی تعاون تنظیم) کے کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ اجلاس کے دوران ہوئی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور روس کے دوطرفہ تعلقات کے مثبت رجحان پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ قیادت اور ادارہ جاتی میکانزم کا مزید استحکام دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے اہم ہے۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اپنے روسی ہم منصب کو ایس سی او اجلاس کی کامیابی پر مبارکباد دی اور اس بات کا عزم ظاہر کیا کہ پاکستان روس کے ساتھ ہر شعبے میں اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔