پاکستان اور مصر کا سیاسی، دفاعی اور معاشی شراکت داری بڑھانے پر اتفاق، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا
دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ، دونوں ممالک میں سیاسی ڈائیلاگ اور معاشی شراکت داری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا : نائب وزیراعظم
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان اور مصر نے سیاسی، دفاعی اور معاشی شراکت داری بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔اسلام آباد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد العاطی نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔پریس کانفرنس کے دوران نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مصری وزیر خارجہ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں، دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے، دونوں ممالک میں سیاسی ڈائیلاگ اور معاشی شراکت داری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے، اس کے علاوہ دفاع سمیت باقی تمام شعبوں میں بھی تعاون کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم دنیا میں مصر کو اپنا شراکت دار سمجھتا ہے، مصری وزیر خارجہ کے دورے سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، پاکستان مصر کے ساتھ 250 بزنس ہائوسز کی فہرست شیئر کرے گا، ان بزنس ہائو سز میں معیشت کے تمام شعبے شامل ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ چیمبر آفس کامرسز اور کاروباری فیڈریشن سے اس میں مشاورت کریں گے، چھ ماہ بعد اس لسٹ میں 250 بزنس ہائو سز مزید شامل ہوں گے، پاکستان اور مصر کا بزنس فورم بنایا جائے گا، فورم کا پہلا اجلاس مصر میں ہوگا۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مصری وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران غزہ سمیت عالمی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا، جموں و کشمیر اور افغانستان کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ مصر نے پاکستانی طلبا کے سکالر شپ ڈبل کرنے کا اعلان کیا ہے، الاظہر یونیورسٹی میں سکالر شپس دیئے جائیں گے۔پریس کانفرنس سے خطاب میں مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی نے پاکستان میں دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد اور پشاور میں دہشتگرد حملوں میں ہونے والے جانی نقصان پر پاکستانی حکومت اور عوام سے تعزیت کرتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ مصر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، دہشت گردی و شدت پسندی سے نمٹنے کے لئے پاکستان سے تعاون کریں گے۔مصری وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان مضبوط اور تاریخی تعلقات ہیں، پاکستان اور مصر کی دوستی باہمی مفاد اور احترام پر مبنی ہے، سیاسی ڈائیلاگ، معاشی شراکت داری، دفاع سمیت تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے