قومی مفادات کے تحفظ کیلئے سفارتکاری تیز کی جائے:نائب وزیراعظم کی خطے کی صورتحال پر اہم مشاورتی اجلاس میں ہدایات
اسلام آباد (آن لائن) خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال اور اہم سفارتی پیش رفت کے تناظر میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملکی سفارتی حکمت عملی اور قومی مفادات کے تحفظ سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں خطے کی مجموعی صورتحال پر جامع بریفنگ دی گئی، جبکہ حالیہ سفارتی پیش رفت اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والی سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر مؤثر، متحرک اور فعال سفارتکاری کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ بدلتے ہوئے عالمی حالات میں پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا جا سکے۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ہدایت دی کہ قومی مفادات کے تحفظ کیلئے سفارتی کوششوں کو مزید تیز اور مربوط بنایا جائے، جبکہ عالمی سطح پر پاکستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔اجلاس میں آمنہ بلوچ سمیت وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے شرکت کی اور مختلف امور پر اپنی آراء پیش کیں۔اجلاس کو موجودہ علاقائی اور عالمی حالات کے تناظر میں پاکستان کی سفارتی حکمت عملی کو مزید مؤثر بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔