پاکستان اور ترکیہ کئی علاقائی اور عالمی معاملات پر یکساں موقف رکھتے ہیں، امن اور سلامتی کیلئے دو طرفہ تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں:نائب وزیراعظم
باہمی تجارت کو 5 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف ہے‘ آئل اور گیس کے شعبوں میں بھی اشتراک بڑھایا جا رہا ہے:ترک وزیر خارجہ کی ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان نے ترکیہ کے دفاعی تجربات سے فائدہ اٹھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے ،نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ خطے میں امن اور سلامتی کے لیے دو طرفہ تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں، سیکیورٹی، دفاع اور انٹیلی جنس کی نئی کمیٹی کا اجلاس 24 جولائی کو ہوگا، دفاعی صنعت کی میٹنگ ستمبر میں ہوگی جبکہ ترک وزیر خارجہ نے اسحق ڈار کی باتوں کو مشترکہ اعلامیہ قرار دے دیا۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحق ڈار سے ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے ملاقات کی ہے ۔جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ سمیت اہم علاقائی وعالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی وقت کیساتھ مضبوط ہورہی ہے، دونوں ممالک کئی علاقائی و عالمی معاملات پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔اس موقع پر ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے اسحق ڈار کی بھرپور میزبانی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان منفرد نوعیت کے تعلقات قائم ہیں، جنہیں ادارہ جاتی شراکت داری میں تبدیل کیا جا رہا ہے، دونوں ممالک کی باہمی تجارت کو 5 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف ہے۔ترک وزیر خارجہ نے بتایا کہ دونوں ممالک نے اقتصادی، ثقافتی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا ہے، اور اب آئل اور گیس کے شعبوں میں بھی اشتراک بڑھایا جا رہا ہے