مخالفین بھی جانتے ہیں کام کرنا صرف مسلم لیگ ن کو آتا ہے:مریم نواز

کام محنت سے ہوتا ہے جادو ٹونے سے نہیں، ان کا نام لو تو بدتمیزی کا خیال آتا ہے، مسلم لیگ ن کا خیال آتے ہی ذہن میں موٹر ویز اور ترقیاتی منصوبے آتے ہیں
مخالفین بھی ن لیگ کے کاموں کا اعتراف کرتے ہیں، صوبے کے ہر شہر میں جدید ہسپتال بنائیں گے:راولپنڈی میں الیکٹرک بسوں کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب
راولپنڈی(آئی این پی)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کام محنت سے ہوتا ہے جادو ٹونے سے نہیں ، کچھ لوگوں نے سیاست میں کئی سال ضائع کیے، کام نہیں کیا، ان کا نام لو تو بدتمیزی کا خیال آتا ہے۔راولپنڈی میں الیکٹرک بسوں کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا راولپنڈی میں صفائی ستھرائی کا نظام دیکھ کر خوشی ہوئی، راولپنڈی میں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، عوام کو ٹرانسپورٹ کی بہترین سہولت فراہم کی جارہی ہے، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جارہی ہے، میٹرو ہویا الیکٹرک بسیں، مسلم لیگ ن کا عوام کے لئے تحفہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن عوام کی فلاح و بہبود پر توجہ دیتی ہے، ن لیگ نے پورے ملک میں ترقیاتی منصوبوں کے جال بچھائے، راولپنڈی میں دن رات ترقیاتی کام جاری ہیں، الیکٹرک بسوں کو چھوٹے شہروں سے لانچ کیا ہے، میرے ذہن میں کوئی تفریق نہیں، پنجاب میں بسنے والا ہر شہری میرے لیے برابر ہے۔مریم نواز کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ کی حکومت جب بھی آتی ہے ملک ترقی کرتا ہے، مسلم لیگ ن نے ملک کو میگا منصوبے دیے ہیں، مسلم لیگ ن کا خیال آتے ہی ذہن میں موٹر ویز اور ترقیاتی منصوبے آتے ہیں ، مخالفین بھی ن لیگ کے کاموں کا اعتراف کرتے ہیں‘وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ 60 سال سے زائد عمر کے افراد اور خواتین کیلیے فری سروس ہے، الیکٹرک بسیں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں معاون ثابت ہوں گی، 1100 الیکٹرک بسیں پنجاب کی سڑکوں پر چلیں گئی، پنجاب میں ڈیڑھ سال میں جو ترقی ہوئی اس کی مثال نہیں ملتی۔ان کا کہنا تھاکہ نئے گھروں کی تعمیر کا ہدف جلد پورا کریں گے، پنجاب کی حکومت صحت کے شعبے کی بہتری کیلیے اقدامات کر رہی ہے، پنجاب کے ہر شہر میں جدید اسپتال بنائیں گے،