300سے زائد رجسٹرڈ کمپنیاں فلاحی اقدامات کے لئے فنڈنگ کرتی ہیں، نجی شعبے کا ملکی معیشت کی بہتری میں اہم کردار ہے
حکومتی اقدامات سے معیشت درست سمت پر گامزن ہے، ملکی ترقی کے لئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا:تقریب سے خطاب
اسلام آباد (آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے پاکستان کا شمار عطیات دینے والے ممالک میں سر فہرست ہے اور کراچی پاکستان میں عطیات دینے والوں میں سب سے اوپر ہے اور جو لوگ عطیات چھپا رہے ہیں وہ بھی سامنے آئیں۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے اصلاحات متعارف کرائی ہیں اور وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سوشل فنانسنگ فریم ورک پر کام ہو رہا ہے۔انہوںنے کہا پاکستان میں مخیر حضرات کی کمی نہیں ہے، 300 سے زائد رجسٹرڈ کمپنیاں فلاحی اقدامات کے لیے فنڈنگ کرتی ہیں۔انہوں نے کہا قوموں کی ترقی میں چیلنجز آتے رہتے ہیں، متحد ہو کر ہی چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے، ملکی ترقی کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مخیر حضرات کی کمی نہیں، 3 سو سے زائد رجسٹرڈ کمپنیاں فلاحی اقدامات کے لیے فنڈنگ کرتی ہیں، نجی شعبے کا ملکی معیشت کی بہتری میں اہم کردار ہے، نجی شعبے کی جانب سے فلاحی کاموں کے لیے فنڈ کی دستیابی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ پاکستان کا شمار عطیات دینے والے ممالک میں سر فہرست ہے جب کہ شہرِ کراچی پاکستان میں عطیات دینے والوں میں سب سے اوپر ہے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ عطیات کو چھپا رہے ہیں وہ بھی سامنے آئیں، عطیات کو ظاہر کرنا دین و دنیا کے لیے بہتر ہے، عطیات ادا کرنے والی کمپنیاں اور کاروباری شخصیات مشعل راہ ہیں، اس فریم ورک سے سماجی شعبے میں خاطر خواہ بہتری آئے گی۔