حکومتی اخراجات میں کمی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، معیشت کا پہیہ چلانے کیلئے توانائی شعبے میں اصلاحات ناگزیر ہیں، پالیسی ریٹ میں کمی سے قرضوں، سود ادائیگی میں کمی ہوئی:وزیرخزانہ

 زیادہ ٹیکس پاکستان کو نہیں چلنے دینگے‘آئی ایم ایف سے معاہدہ پور ا کرینگےمعاشی ترقی کیلئے سب کیساتھ بیٹھنے کو تیار ہوں  شہباز شریف

معیشت کھڑی ہورہی ہے،وقت آئے گا آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہیں گے‘ معیشت کی مزید بہتری کیلئے قابلِ عمل سفارشات چاہئیں، پاکستان قیامت تک قائم رہے گا ‘ہمیں اسے عظیم بنانا ہے‘اب گروتھ کی طرف بڑھنا ہے
 ملک میں معاشی طور پر استحکام آیا ہے،پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے اربوں ڈالرز کے خزانے دیئے ہیں، معیشت کی بہتری میں نجی شعبے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا :پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تقریب سے خطاب
 کراچی (آئی  این پی ‘آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے  معاشی ترقی کیلئے سب کے ساتھ مل بیٹھنے کو تیار ہوں، پاکستان کی معیشت دوبارہ اپنے قدموں پر کھڑی ہو رہی ہے،  ماہرین کی تجاویز درکار ہیں ، ملک کا ٹیکس سلیب نظام معیاری نہیں، زیادہ ٹیکس پاکستان کو نہیں چلنے دیں گے تاہم ہمیں آئی ایم ایف سے کیے گئے معاہدے پورے کرنے ہیں اور وقت آنے پر آئی ایم ایف کو خیرباد کہیں گے۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے اپنے ایک روزہ دورہ کراچی کے موقع پر دنیا کی دوسری بہترین کارکردگی کی حامل سٹاک ایکسچینج کا اعزاز حاصل کرنے پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  کیا ۔ وزیراعظم نے کہا  معا شی ترقی کا آغاز ہوچکا ہے، ملک میں معاشی استحکام آنے پر تمام لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں‘ انہوں نے کہا کہ اب ہمیں گروتھ کی طرف بڑھنا ہے، ملک میں معاشی طور پر استحکام آیا ہے، ہمیں آئی ایم ایف کی کمٹمنٹ کو پورا کرنا ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ وقت آئے گا ہم آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہیں گے، 6 ماہ میں ٹیکس ٹارگٹ سب کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک زمانے میں کراچی کی روشنیاں ختم ہو گئی تھیں، یہاں اب روشنیاں دوبارہ آ گئی ہیں، کراچی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ اگر ہر چیز اچھی ہے تو ہم احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، معاشی ترقی کے لیے سب کے ساتھ مل کر بیٹھنے کے لیے تیار ہوں۔انہوں نے کہا کہ اڑانِ پاکستان پروگرام سے معاشی ترقی اور سماجی خوش حالی آئے گی، معیشت میں بہتری کے لیے تجربہ کار معاشی ماہرین ہماری رہنمائی کریں۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ آپ کا وسیع تجربہ ملکی معیشت کی بہتری میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔ لاہور، کوئٹہ، پشاور، کراچی کے ماہرین تجاویز اور سفارشات دیں۔انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں مزید کمی کی گنجائش موجود ہے، معیشت کی مزید بہتری کیلئے قابلِ عمل سفارشات چاہئیں، پاکستان قیامت تک قائم رہے گا اور ہمیں اسے عظیم بنانا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ محصولات میں اضافہ خوش آئند ہے، پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے اربوں ڈالرز کے خزانے دیے ہیں، معیشت کی بہتری میں نجی شعبے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا  آئی ایم ایف معاہدے سے معیشت بہتری کی جانب گامزن ہوئی، وفاقی حکومت کے اخراجات میں کمی کے لیے اقدامات  کئے جارہے ہیں،  اسٹاک مارکیٹ نے ترقی کے سنگ میل عبور کیے ہیں، ہم نے بنیادی ڈھانچے میں اصلاحات کو متعارف کرانا ہے،   ایف بی آر میں ڈیجیٹائزیشن کا آغاز کررہے ہیں، معیشت کا پہیہ چلانے کے لیے توانائی شعبے میں اصلاحات ناگزیر ہیں، پالیسی ریٹ میں کمی سے قرضوں، سود ادائیگی میں کمی ہوئی