علیمہ خان، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ، نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے 24 نومبر کو احتجاج کی کال دی ہے اور اس روز کو فائنل راؤنڈ قرار دیا ہے۔
علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان کا کہنا ہے کہ احتجاج ہمارا آئینی حق ہے اور یہ تب تک جاری رہے گا جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہو جاتے۔علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان نے سوشل میڈیا ٹائیگرز، طلباء اور نوجوانوں کو مخاطب کیا اور انہیں کہا کہ اپنے مستقبل کے لیے کھڑے ہوں، کیونکہ نوجوانوں نے پاکستان کو بچانا ہے اور پاکستان چھوڑ کر نہیں جانا۔ اوورسیز پاکستانیوں نے بھی 24 اکتوبر کو دنیا بھر میں احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے احتجاج کے لیے حکمت عملی ترتیب دینے کا کہا ہے، اور حکومت چاہے کتنے لوگوں کو گرفتار کرے، ہم آزادی کے لیے کھڑے رہیں گے۔
علیمہ خان نے یہ بھی بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ 80 سال کی آنٹیوں کو بھی احتجاج میں شامل کریں، اور کراچی و کوئٹہ والوں کو اپنے صوبوں میں احتجاج کرنے کا پیغام دیا ہے۔علیمہ خان نے کہا کہ یہ بانی پی ٹی آئی کی کال ہے اور اس پر پورا عمل ہوگا، اور اس احتجاج میں ایم این ایز اور ایم پی ایز بھی آگے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز پنجاب میں غیر آئینی اقدامات کر کے انہیں روکنے کی کوشش کرے گی، لیکن پی ٹی آئی کے کارکن اسلام آباد پہنچ کر اپنے مقصد کے لیے احتجاج کریں گے، چاہے انہیں گرفتار بھی کیا جائے۔ علیمہ خان نے یہ بھی کہا کہ اگر ہم اکیلے ڈی چوک پہنچے اور گرفتار بھی ہوئے، تو 24 نومبر کو لوگ ضرور پہنچیں گے۔