قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے اپنی فٹنس اور کارکردگی میں مزید بہتری کے لیے بھرپور محنت کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
دبئی میں کرکٹ پاکستان کے سلیم خالق سے خصوصی انٹرویو میں فخر زمان نے کہا کہ ہر کھلاڑی کو اپنی فٹنس اور کارکردگی میں بہتری کی ضرورت ہوتی ہے اور وہ اس حوالے سے پوری کوشش کر رہے ہیں۔فخر زمان کا کہنا تھا کہ کرکٹ ہمیشہ جاری رہتی ہے اور ان کا مقصد خود کو ہر چیلنج کے لیے تیار رکھنا ہے۔ انہوں نے آئی ایل ٹی جیسے عالمی معیار کی لیگ میں حصہ لینے کو فائدے مند قرار دیا، حالانکہ بیرون ملک ہونے کی وجہ سے کنڈیشنز مختلف ہیں۔
اپنی کارکردگی کے بارے میں فخر زمان نے کہا کہ وہ ہر میچ میں زیادہ سے زیادہ رنز بنانے کی کوشش کرتے ہیں اور اگر کھیل کے دوران دن اچھا ہو، تو سنچری بنانے کی بھی امید رکھتے ہیں۔
انہوں نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ وہ پہلی مرتبہ اپنے ملک میں آئی سی سی کے کسی ایونٹ میں کھیلنے جا رہے ہیں، اور یہ موقع ان کے کیریئر کا اہم ترین لمحہ ہے۔