وزیر اعظم شہباز شریف انتخابی حلقے کیلئے 15 ارب کے منصوبے

 47 ترقیاتی سکیمیں مکمل کی جائینگی ،نشتر ٹائون زون ون 7ارب 82 کروڑ 50 لاکھ کے منصوبے مکمل ہونگے 
 لاہور ( کرائم رپورٹر) وزیر اعظم شہباز شریف کے انتخابی حلقہ کاہنہ اور نشتر ٹائون کے علاقوں میں 15 ارب کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جائینگے،مجموعی طور پر 47 ترقیاتی سکیموں کو مکمل کیا جائے گا۔ تفصیل کے مطابق لاہور میں نیا سیوریج اور واٹر سپلائی سسٹم بچھانے کیلئے 78 ارب روپے کا ترقیاتی پیکیج بنایا گیا ، بیشتر علاقوں میں ترقیاتی کاموں کے لئے ٹینڈرز ایوارڈ کر دئیے گئے۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ لاہور کے کچھ انتخابی حلقوں پر حکومت کی طرف سے نوازشات کی بھرمار کر دی گئی۔وزیر اعظم شہباز شریف کے انتخابی حلقہ کیلئے بڑا ترقیاتی پیکیج دے دیا گیا۔کاہنہ اور نشتر ٹائون کے علاقوں میں ترقیاتی کاموں کو 2 حصوں میں تقسیم کر دیا گیا۔ نشتر ٹائون زون ون میں7ارب 82 کروڑ 50 لاکھ ،زون ٹو میں 7 ارب 86 کروڑ 60 لاکھ روپے سے ترقیاتی کام کئے جائیں گے۔شہباز شریف کے انتخابی حلقے میں ترقیاتی کاموں کے بعد علاقے کو واسا سروس ایریا ڈکلیئر کیا جائے گا،سیوریج اور واٹر سپلائی کی ذمہ داری واسا کی ہوگی۔ نشتر زون کے دونوں پیکیج 30 جون 2026 تک مکمل کئے جائینگے۔پلان کے تحت یونین کونسل 228،242،243 اور 246 میں واٹر سپلائی اور سیوریج انفراسٹرکچر بچھایا جائے گا۔ یونین کونسل 249 میں 6 ترقیاتی سکیمیں مکمل کی جائیں گی۔