ڈاکوئوں نے شہری جاویدسے1لاکھ نقدی لوٹ کرمزاحمت پرگولی ماردی
قصور(خصوصی رپورٹ) ڈکیتی، رہزنی و چوری کی متعدد وارداتوں میں شہریوں کو لاکھوں کی نقدی ،موبائل فونز، طلائی زیورات اور موٹر سائیکلوں سے محروم کردیاگیا،ڈاکوئوں نے مزاحمت کرنے پر ایک شہری کوفائر مارکر زخمی کردیا۔ تفصیلات کے مطابق لدھیکے کا رہائشی محمدجاوید امریک سنگھ سے دھان کی کٹائی کی رقم 1لاکھ روپے لے کر گرین کوٹ بائی پاس کے قریب جارہاتھا کہ ڈاکوئوں نے نقدی چھین کر مزاحمت کرنے پر اْسے فائر مارکر زخمی کردیا،جسے بلھے شاہ ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے۔ جمبر نہر کے قریب سلیم اختر کی ٹیوٹا گاڑی میں سوار ڈاکوئوں نے مسافروں سے تقریباً 9لاکھ نقدی،کچاپکا کھڈیاں کے نزدیک ڈاکوئوں نے بیوپاری محمدحنیف سے 1لاکھ 80ہزار نقدی، موبائل فون ، ڈھنگ شاہ کھڈیاں میں ڈاکوئوں نے خرم لیاقت سے 57ہزار نقدی،بلاک نمبر 2چھانگامانگا کے نزدیک ڈاکوئوں نے سکیورٹی کمپنی کے سپروائزر راجہ شاہد بھٹی سے 20ہزار نقدی، موبائل فون ، موٹرسائیکل ، ٹول پلازہ کھڈیاں کے نزدیک ڈاکوئوں نے محمدوحید سے ہزاروں کی نقدی، موبائل فون ، موٹرسائیکل، گندیاں اْوتاڑ چھانگامانگا کے قریب ڈاکوئوں نے محنت کش محمدمنیر سے ہزاروں کی نقدی ، لوڈر رکشہ اورآدھن روڈ پتوکی کے قریب ڈاکوئوں نے تنویر جٹ سے 45ہزار نقدی چھین لی۔ مختلف مقامات سے3شہریوں محمدعرفان ، محمدارشاد اور محمدسلیم آ کی موٹرسائیکلیں چوری ہوگئیں،پولیس مصروف کارروائی ہے۔