لیسکو کے 14 ارب روپے کے نادہندہ ادارے سامنے آگئے، پاور ڈویژن کی کارکردگی میں بہتری۔

لیسکو کے 14 ارب روپے کے نادہندہ ادارے سامنے آگئے، پاور ڈویژن کی کارکردگی میں بہتری۔

ویب ڈیسک:لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے 14 ارب 12 کروڑ 50 لاکھ روپے کے نادہندہ سامنے آئے ہیں۔

 کمپنی نے نادہندہ سرکاری اداروں کی فہرست جاری کی ہے جس میں متعدد اہم محکموں کا ذکر کیا گیا ہے۔ سب سے زیادہ نادہندہ تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم ایز) ہے جو 6929 ملین روپے کی نادہندہ ہے۔ اس کے علاوہ، واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی (واسا) لاہور 2363 ملین روپے، وزارت ریلویز 796 ملین روپے، پنجاب پولیس 777 ملین روپے، پنجاب ایری گیشن اینڈ پاؤر 707 ملین روپے اور لاہور کی ضلعی حکومت 469 ملین روپے کی نادہندہ ہے۔دیگر نادہندگان میں ڈسٹرکٹ اینڈ تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال لاہور 388 ملین روپے، قصور کی ضلعی حکومت 368 ملین روپے، گنگا رام اسپتال 266 ملین روپے، جیل خانہ جات 266 ملین روپے، اور پارکس اینڈ ہارٹی کلچرل اتھارٹی 245 ملین روپے کی نادہندہ ہے۔ مزید برآں، لاہور رنگ روڈ اتھارٹی 235 ملین روپے، ایل ڈی اے 229 ملین روپے، پنجاب بلڈنگز 191 ملین روپے، اور ڈسٹرکٹ اینڈ تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال قصور 162 ملین روپے کے نادہندہ ہیں۔

ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق گزشتہ مالی سال 2023-24 میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو 591 ارب روپے کا نقصان ہوا تھا، تاہم رواں مالی سال کے ابتدائی تین ماہ میں بہتر نتائج سامنے آئے ہیں۔ ان تین مہینوں میں کمپنیوں کا خسارہ پچھلے سال کے 308 ارب روپے کے مقابلے میں 239 ارب روپے رہا، یعنی 69 ارب روپے کی بہتری دیکھنے کو ملی۔ اس کے علاوہ، وصولیوں کی شرح میں بھی اضافہ ہوا، جو پہلے سال میں 84 فیصد تھی، اب 91 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں گردشی قرضے میں صرف 11 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے، جو گزشتہ سال کے اسی دورانیے میں 301 ارب روپے کے اضافے کے مقابلے میں ایک بہتری کا عکاس ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔