اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں پاور ڈویژن کی جانب سے ملک میں بجلی کی پیداوار اور اصلاحاتی ایجنڈے پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم کو بجلی کی پیداوار کے مؤثر استعمال اور اصلاحاتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے وفاقی وزارت توانائی کو ہدایت کی کہ وہ بجلی کی پیداوار کے زیادہ سے زیادہ مثبت استعمال کے لیے جامع حکمت عملی تیار کرے تاکہ صنعتی پیداوار اور زرعی مصنوعات میں اضافہ ہو۔ انہوں نے پاور ڈویژن کو سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کی سہولت کے لیے پالیسی سفارشات مرتب کرنے کی بھی ہدایت دی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ زراعت اور صنعت کے شعبے کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور بجلی کے مؤثر استعمال سے صنعتی اور زرعی ترقی میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس خان لغاری، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے اکنامک افیئرز احد خان چیمہ، مشیر برائے صنعت ہارون اختر اور دیگر متعلقہ عہدے داران نے شرکت کی۔