لاہور: غیرملکی لڑکی سے مبینہ زیادتی کے واقعے کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی، جس میں جسم کے مخصوص حصوں پر پائے جانے والے نشانات اور دیگر شواہد کا ذکر کیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کو موصول میڈیکل رپورٹ کے مطابق متاثرہ لڑکی کے کندھے پر دباؤ جبکہ گھٹنے پر زخم کے نشانات پائے گئے۔ رپورٹ کے مطابق متاثرہ لڑکی کے جسم سے ڈی این اے کے نمونے بھی حاصل کیے گئے ہیں۔دوسری جانب پولیس نے واقعے کی تحقیقات کے دوران مزید 6 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس کے مطابق شاہدرہ پولیس نے زیرحراست افراد کو ڈیفنس سی پولیس کے حوالے کردیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ زیرحراست تمام افراد مرکزی ملزمان کے قریبی دوست ہیں اور ان کے ساتھ رابطے میں رہے ہیں۔ ان افراد سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے واقعے اور مرکزی ملزمان سے متعلق پوچھ گچھ جاری ہے۔پولیس کے مطابق موبائل فون ریکارڈ اور لوکیشنز کی مدد سے ان افراد کو حراست میں لیا گیا، جبکہ واقعے میں ملوث مرکزی ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔