ویب ڈیسک:چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کے حوالے سے اعلان رواں ہفتے بھی ممکن نہیں ہو سکا، جبکہ براڈکاسٹرز اور کمرشل پارٹنرز نے واضح طور پر آئی سی سی کو بتایا ہے کہ وہ صرف پاک بھارت میچ کی موجودگی میں ہی شیڈول کو تسلیم کریں گے۔
براڈکاسٹرز نے آئی سی سی پر دباؤ ڈالا ہے کہ اگر پاک بھارت میچ شیڈول میں شامل نہیں ہوگا تو وہ قانونی چارہ جوئی کر سکتے ہیں۔آئی سی سی کے نئے چیئرمین جے شاہ، جو یکم دسمبر کو اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے متحرک ہیں۔ براڈکاسٹرز اور کمرشل پارٹنرز کی جانب سے اس بات پر زور دیا جا رہا ہے کہ اگر پاکستان اور بھارت کا میچ شامل نہ ہوا تو وہ شیڈول کو تسلیم نہیں کریں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ہائبرڈ ماڈل پر راضی نہیں ہے، جس کی وجہ سے شیڈول کی پیشرفت میں رکاوٹ آ رہی ہے۔ پی سی بی نے بھارت سے نہ کھیلنے کے اپنے موقف کو برقرار رکھا ہے، جبکہ دیگر اسٹیک ہولڈرز نے لچک دکھانے کی صورت میں شیڈول کے اعلان کو ایک دو دن میں ممکن قرار دیا ہے۔آئی سی سی کی کوشش ہے کہ جے شاہ کے چیئرمین بننے سے پہلے شیڈول کے معاملے کو حل کر لیا جائے تاکہ ایونٹ کا انعقاد باہمی اتفاق کے ساتھ ممکن ہو سکے۔