حکومتِ پاکستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کو شرکت کی اجازت دے دی ہے، لیکن بھارت کے خلاف 15 فروری کو شیڈول میچ میں پاکستان شرکت نہیں کرے گا۔
یہ فیصلہ بنگلادیش کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں پاک بھارت میچ کا بائیکاٹ ہو گا۔
مالی نقصان کا خدشہ:
پاک بھارت کرکٹ میچ کو دنیا کا سب سے بڑا کھیلوں کا مقابلہ قرار دیا جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اگر پاکستان بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلے تو بھارتی براڈکاسٹرز کو تقریباً 500 ملین ڈالر (تقریباً 141 ارب روپے) تک نقصان ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ میچ کی گیٹ منی سے آئی سی سی کو بھی لاکھوں ڈالرز کا نقصان ہونے کا امکان ہے۔
میچ کی مالی اہمیت:
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی مجموعی آمدنی کا تقریباً نصف حصہ صرف پاک بھارت میچ سے حاصل ہوتا ہے، جس سے اس میچ کی مالی اہمیت واضح ہوتی ہے۔ پاکستان کو ہر سال آئی سی سی سے 35 ملین ڈالر کا حصہ ملتا ہے، اور اگر براڈکاسٹرز کو نقصان ہوا تو پی سی بی کو آئی سی سی کی جانب سے قانونی چارہ جوئی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔