بشریٰ بی بی احتجاج کو لیڈ نہیں کریںگی، علی امین گنڈاپورسے انکی کوئی چپقلش نہیں،میڈیا سے گفتگو
پشاور(آئی این پی ) پی ٹی آئی رہنماء سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت دہشتگردی اور مہنگائی کو چھوڑ کر پی ٹی آئی کے پیچھے لگی ہوئی ہے،بشریٰ بی بی احتجاج کو لیڈ نہیں کریںگی، علی امین گنڈاپورسے انکی کوئی چپقلش نہیں، بشریٰ بی بی سیاست میں نہیں آنا چاہتیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ شبلی فراز کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سے سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے، پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے ہر شخص کی زندگی کو مشکل بنا دیا گیا ہے، یہ چاہتے ہیں اس باگ دوڑ سے پیچھے ہٹ کر لوگ گھر بیٹھ جائیں۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پچھلے سوا سال سے جیل میں ہیں، عمران خان پر سارے من گھڑت مقدمات ہیں، اصل دہشتگردوں اور پی ٹی آئی ورکرز میں فرق ہی ختم کردیا ہے۔شبلی فراز کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال خراب ہے، پولیس اور تمام فورسز پی ٹی آئی کے پیچھے لگے ہوئے ہیں ،امن و امان کی صورتحال کون قابو کرے گا۔ ملک انتہائی مشکلات میں گھیرا ہوا ہے، وزیر اعظم کابینہ اجلاس میں معیشت کے حوالے سے جو مرضی کہہ لیں، عام آدمی مہنگائی میں پسا ہوا ہے، ہر آدمی نفسیاتی مریض بن چکا ہے، یہ لمحہ فکریہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اپنی سیاسی اور قانونی جنگ لڑرہی ہے، ہمارا مقابلہ سیاست میں کیا جائے، عوام میں اب ان کی پذیرائی نہیں رہی، دو اڑھائی سال سے ظلم وستم چل رہا ہے، اس طرح چلتا رہا تو ملک میں استحکام نہیں آئے گا۔دریں اثنا پشاور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما سینیٹر شبلی فراز کی مقدمات کی تفصیلات کے لئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ سماعت چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار احمد نے کی۔ عدالت نے شبلی فراز کی چار ہفتوں کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔