حکومت چاہتی ہے مذاکرات کامیاب نہ ہوں: شبلی فراز

  مذاکرات کے فیصلے کون کریگا،حکومتجوڈیشل کمیشن کا اعلان کردیگی تو مذاکرات کے لیے بیٹھ جائیں گے
 اسلام آباد (آئی این پی )پی ٹی آئی کے سنیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ جب حکومت جوڈیشل کمیشن کا اعلان کردے گی تو ہم  اس کے ساتھ مذاکرات کے لیے بیٹھ جائیں گے۔سینیٹرعلی ظفر کے ہمراہ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹرینز کو فلور آف دا ہائوس میں بولنا چاہیے جہاں وہ اپنی ، تجاویز دے سکتے ہیں، بدقسمتی سے سینیٹ اجلاس میں قائد حزب اختلاف کو ہی بولنے نہیں دیا گیا ، لیڈر آف دی اپوزیشن اور لیڈر آف دا ہائوس کسی بھی وقت اٹھ کر بول سکتے ہیں، اس ہائوس میں اپوزیشن کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔شبلی فراز نے کہا کہ جب ملک سیاسی اور معاشی عدم استحکام کا شکار ہو تو اس میں لامتناہی سلسلہ نہیں چلے گا، حکومت چاہتی ہے کہ یہ مذاکرات کامیاب نہ ہوں، تحریری مطالبات پر دن ضائع کیے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سپیکر نے جو رول ادا کیا ہے ہم نے اس کی تعریف کی ہے، اصل سوال یہ ہے کہ مذاکرات کے فیصلے کون کرے گا، جب جوڈیشل کمیشن کا اعلان کردیں گے اس وقت ہم مذاکرات میں بیٹھ جائیں گے، اگر یہ کہہ دیں کہ ہم جوڈیشل کمیشن بنائیں گے اور سیاسی قیدیوں کو رہا کریں گے تو ہم بیٹھ جائیں گے۔