حج پیکیج 10لاکھ 65ہزار سے 10 لاکھ 75 ہزار کے درمیان ہو گا(نئی پالیسی کی منظوری)

1لاکھ 79 ہزار210 عازمین حج کرسکیں گے‘12سال سے کم عمر بچے نہیں جائیں گے‘سرکاری اور نجی شعبے کا کوٹہ برابر ہوگا
 انتقال کرنے والے حجاج کے لواحقین کو 10 لاکھ  سے 20 لاکھ جبکہ زخمی ہونے والوں کو 10 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا

اسلام آباد(آن لائن) وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2025 کی منظوری دے دی ۔وفاقی کابینہ کو پیش کی جانے والی حج پالیسی  کے مطابق 1لاکھ 79 ہزار210 عازمین حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔پیکج 10لاکھ 65ہزار سے 10 لاکھ 75 ہزار کے درمیان ہو گا۔سپانسرشپ سکیم کے تحت گورنمنٹ اسکیم کا کوٹہ 5ہزار /پر ائیویٹ کا کوٹہ 25 ہزار مختص کیا گیا ہے ۔حج کوٹہ مساوی تقسیم ہوگا ۔کابینہ کی منظوری ملنے کے فوری بعد حج در خواستوں کی وصولی کا شیڈول جا ری کردیا جا ئے گا۔وزارت مذہبی امور نے در خواستوں کی وصولی کیلئے بنکوں کے انتخاب کیلئے خوا ہش مند بنکوں سے25 اکتوبر تک کوا ئف طلب کر لئے۔اگلے سال سرکاری حج پیکج 10لاکھ 65ہزار سے 10 لاکھ 75 ہزار کے درمیان ہوگا۔حج کو ٹہ کے مطابق پاکستان سے آئندہ سال 1 لاکھ 79 ہزار210 عازمین حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔ حج پالیسی کے تحت 12 سال سے کم عمر بچوں کو اس سال حج کے حوالے سے سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ حکومتی کوٹے کے حوالے سے کمپیوٹرائزڈ بیلیٹنگ کی جائے گی جس میں 1000 نشتیں ہارڈ شپ کیسز کے لیے مختص ہوں گی جبکہ 300 نشستیں مزدوروں یا کم آمدنی والے ملازمین، جوکہ ورکرز ویلفیئر فنڈ یا ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوٹ سے رجسٹر ہوں گے، کے لیے مقرر کی گئی ہیں۔روڈ ٹو مکہ کی سہولت اسلام آباد اور کراچی کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر دستیاب ہوگی۔ حج گروپ آرگنائزرز وزارت مذہبی امور کے ساتھ سروس پرووائیڈر معاہدے پر دستخط کریں گے اور خدمات کی فراہمی کے حوالے سے ان آرگنائزرز کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ حجاج کو بہتر سہولیات کی فراہمی کی نگرانی کے حوالے سے اس مرتبہ ناظم کا نیا عہدہ مقرر کیا گیا ہے۔ ہر 100 حجاج کے لیے ایک ناظم مقرر ہوگا اور ان ناظمین کا انتخاب ویلفیئر اسٹاف میں سے ہی کیا جائے گا۔کابینہ کو مزید بتایا گیا کہ دوارن حج انتقال اور زخمی ہونے والوں کے لیے معاوضہ بڑھایا گیا ہے۔ انتقال کرنے والے حجاج کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے سے 20 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا جبکہ زخمی ہونے والوں کو 10 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا