بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے سب ڈرامہ بازی ہورہی ہے‘5سے 7 ہزار لوگ مشینری لا کر وفاق پر چڑھائی کی بات کر رہے ہیں
ہم نے کبھی کسی ملک کے معاملات میں مداخلت نہیں کی لیکن بیرون ملک سے پاکستانی معاملات میں مداخلت کی جارہی ہے:پریس کانفرنس
اسلام آباد(بیورو رپورٹ‘ایجنسیاں )سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واڈا نے کہا ہے کچھ عناصر ملک میں عدم استحکام چاہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے سب ڈرامہ بازی ہورہی ہیں ،5سے 7 ہزار لوگ مشینری لا کر وفاق پر چڑھائی کی بات کر رہے ہیں ،ہر روز کوئی نہ کوئی آخری کال آجاتی ہے ابھی 24 نومبر کی آئی ہے، 24 نومبر کو کوئی رہائی نہیں ہورہی ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا ہم نے کبھی بھی کسی ملک کے معاملات میں مداخلت نہیں کی لیکن بیرون ملک سے پاکستانی معاملات میں مداخلت کی جارہی ہے، دیگر ممالک اپنے کام سے کام رکھیں۔ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی تو بہت جگہ ہورہی ہے، کوئی آواز کیوں نہیں اٹھاتا، عافیہ صدیقی کے کیس پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی، فلسطین اور کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تو کوئی خط نہیں لکھا گیا، کیا امریکا کو پاکستان میں دہشت گردی نظر نہیں آتی۔انہوں نے کہا کہ بتایا جائے پاکستان میں کہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے، بانی پی ٹی آئی کے لیے سب ڈرامہ کررہے ہیں۔5سے 7 ہزار لوگ مشینری لا کر وفاق پر چڑھائی کی بات کر رہے ہیں ،ہر ماہ کال تبدیل ہوتی رہتی ہے، تاریخ تبدیل ہوئی تو کوئی حیرت نہیں ہوگی، ابھی نومبر میں کال ملی ہے یہ پھر جنوری میں جائے گی۔فیصل واڈا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں ڈال کر مراعات لی جارہی ہیں اور یہ ان کی آخری کال ہے، اسمبلیوں کو مداخلت روکنے کیلیے فرنٹ فٹ پر کردار ادا کرنا ہوگا، بتایا جائے علی امین گنڈاپور کیا پیغام لے کر اڈیالہ گئے۔انہوں نے کہا بانی کا سودا کرکے پی ٹی آئی رہنما ریلیف مانگ رہے ہیں، یہ اپنے بانی کے لیے مزید مشکلات پیدا کررہے ہیں، پی ٹی آئی میں مخصوص ٹولہ اور ان کے بچے پیسے کمارہے ہیں۔