اسلام آباد (آ ئی این پی) سینیٹر فیصل واڈا نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لیے کوئی بھی مخلص نہیں ہے،ان کی جماعت میں غدار بیٹھے ہیں،سب ٹوپی ڈرامہ ہو رہا ہے،سب عہدوں اور اقتدار کے لیے لڑ رہے ہیں۔جو کچھ شیر افضل مروت کے ساتھ ہوا ہے وہی علی امین گنڈاپور کے ساتھ بھی ہوگا۔وہ پارلیمنٹ ئوہاس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پاکستان کی ٹیم جیتے میرے لیے کوئی فیورٹ نہیں ہے سب سے پہلے پاکستان مجھے مقدم ہے۔انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ جو بات چیت ہو رہی تھی اس کا دروازہ بند ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ 26 نومبر کے بعد اب کوئی بھی احتجاج نہیں ہوگا سب ٹوپی ڈرامہ ہوگا۔اسٹیبلشمنٹ کے پاس جا کے سب ہاتھ جوڑتے ہیں۔جو لوگ ڈبل سٹینڈرڈ کا کام کرتے ہیں وہ انتہائی منافق ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان میرا لیڈر رہ چکا ہے اس کا احترام کرتا ہوں۔وہ واقعی پاکستان کا لیڈر ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے موجودہ لیڈر جو کہہ رہے ہیں کہ عید کے بعد احتجاجی تحریک چلائیں گے سب جھوٹ بول رہے ہیں۔عمران خان ہی جیل میں زندگی گزار سکتا ہے یہ لوگ نہیں گزار سکتے ہیں۔