اقوامِ متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے امریکا پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن پُرامن جوہری تنصیبات اور شہری انفراسٹرکچر پر حملوں کا ذمہ دار ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا تاریخ میں ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے والا واحد ملک ہے اور خطے میں اسرائیلی اقدامات کی حمایت میں بھی ملوث ہے۔ ان کے مطابق امریکا غیر قانونی ناکہ بندیوں اور خطے میں کشیدگی کو ہوا دینے میں کردار ادا کر رہا ہے۔ایرانی مندوب نے الزام لگایا کہ امریکا نے سلامتی کونسل کا غلط استعمال کرتے ہوئے ایران کے خلاف جھوٹے اور گمراہ کن بیانیے کو فروغ دیا، جبکہ عالمی امن اور بحری آزادی کے نام پر منافقت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں امریکا خود ہی پراسیکیوٹر اور جج کا کردار ادا کر رہا ہے، جو عالمی قوانین اور انصاف کے اصولوں کے منافی ہے۔