قصورمیں تیز رفتار کار کی ٹکر سے راہگیر جاں بحق

ساہیوال کا رہائشی اعجاز سڑک پار کرتے زد میں آکر موقع پر ہی چل بسا
قصور(خصوصی رپورٹ) قصور میں ملتان روڈ گلشن اڈا کے قریب تیز رفتار کار کی ٹکر سے راہگیر موقع پر جاں بحق، کار سوار فرار ہوگیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق، حادثہ اس وقت پیش آیا جب ساہیوال کا رہائشی 38 سالہ اعجاز حسین سڑک پار کر رہا تھا۔ اسی دوران ایک تیز رفتار کار نے لاپروائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے زوردار ٹکر مار ی۔ حادثے کے فوری بعد کار سوار موقع سے گاڑی سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ کار کی شدید ٹکر کے باعث راہگیر کے سر پر گہری چوٹ آئی، جس کے نتیجے میں اعجاز حسین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ریسکیو حکام نے ضابطے کی کارروائی کے بعد جاں بحق ہونے والے اعجاز حسین ولد بشیر احمدکی لاش کو ٹراما سنٹر پھول نگر منتقل کر دیا۔