کاہنہ: 11 سال قبل لاپتا نوجوان کے اغوا اور قتل کا معمہ حل، 6 ملزمان گرفتار

کاہنہ: 11 سال قبل لاپتا نوجوان کے اغوا اور قتل کا معمہ حل، 6 ملزمان گرفتار

لاہور: کاہنہ کے علاقے میں 11 سال قبل لاپتا ہونے والے نوجوان شکیل حیدر کے مبینہ اغوا اور قتل کا معمہ حل ہوگیا، پولیس نے واردات میں مبینہ طور پر ملوث 6 افراد کو گرفتار کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق 20 سالہ شکیل حیدر کو اس کے کزنز اور دوستوں نے مبینہ طور پر قتل کیا، جس کے بعد لاش بی آر بی نہر میں پھینک دی گئی۔کاہنہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقتول کے 6 کزنز اور دوستوں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش گرفتار ملزمان نے مبینہ طور پر شکیل حیدر کو قتل کرنے اور لاش بی آر بی نہر میں پھینکنے کا انکشاف کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کو 11 سال گزرنے کے باوجود شکیل حیدر کی باقیات تاحال برآمد نہیں ہوسکیں۔ باقیات کی تلاش کے لیے تمام تر کوششیں کی گئیں، تاہم اب تک کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔