راولپنڈی کے تھانہ پیرودھائی کے علاقے سے دو روز قبل مردہ حالت میں ملنے والے نوجوان کے اندھے قتل کا معمہ پولیس نے حل کرلیا ہے اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم نے مقتول کو اس وقت اغوا کیا اور پھندا لگا کر قتل کیا جب اسے اپنی شادی شدہ بھانجی سے مبینہ تعلقات کے شبہے پر شبہ ہوا۔ قتل کے بعد لاش نالہ لئی میں پھینک دی گئی۔ پولیس نے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق، 26 اکتوبر کو فضل غفار نے تھانہ میں مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایا کہ ان کے بھانجا سلیم گل کے ساتھ اعوان چوک میں رہائش پذیر ہے اور وہ چھ دن سے پراسرار طور پر لاپتہ ہے۔ ابتدائی تلاش کے بعد کوئی سراغ نہ ملنے پر پولیس نے اغوا کے الزام میں مقدمہ درج کر تفتیش شروع کی۔ دو دن قبل مقتول کی لاش نالہ لئی سے ملی، جس پر واضح ہوا کہ اسے پھندا لگا کر قتل کیا گیا تھا۔
پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کے ذریعے تحقیقات کیں اور سراغ ملا کہ مقتول سبزی منڈی میں کام کرتا تھا، جہاں عبدالباسط اور دیگر افراد بھی موجود تھے۔ تحقیقات سے پتا چلا کہ مقتول کے تعلقات عبدالباسط کی شادی شدہ بھانجی سے تھے، جس پر عبدالباسط نے بھانجی اور اس کے شوہر کے ساتھ مل کر نوجوان کو اغوا اور قتل کیا۔بعد ازاں پولیس نے عبدالباسط کو گرفتار کرلیا۔ بھانجی اور اس کے شوہر کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ حکام نے کہا ہے کہ تمام ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کر کے سخت سزا دلائی جائے گی۔