اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی دعوت‘ چینی پارلیمانی وفد پاکستان کا دورہ کرے گا

اسلام آباد(آن لائن) قومی اسمبلی، پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر 20 تا 21 مئی 2026 کو اسلام آباد میں چین کی نیشنل پیپلز کانگریس (این پی سی) کی قائمہ کمیٹی کے نائب چیئرمین چائی ڈافینگ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی چینی پارلیمانی وفد کی میزبانی کرے گی۔ یہ دورہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ کی خصوصی دعوت پر منعقد ہو رہا ہے۔یہ دورہ ایسے اہم وقت میں ہو رہا ہے جب عالمی سطح پر اور خاص طور پر خطے میں متعدد چیلنجز درپیش ہیں، اور یہ پاکستان و چین کے عالمی امن کے فروغ کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ پاک-چین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کی پائیدار مضبوطی کو ظاہر کرتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط، باہمی تعاون اور عوامی سطح پر تعلقات کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتا ہے۔ دورے کے دوران چینی وفد قومی اسمبلی کے اسپیکر، پارلیمانی رہنماؤں اور دیگر معزز شخصیات سے ملاقاتیں کرے گا۔اس موقع پر پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے قومی اسمبلی میں خصوصی قرارداد، ثقافتی تقریبات اور تصویری نمائش سمیت متعدد یادگاری سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے تاکہ دونوں ممالک کی تاریخی دوستی کو منایا جا سکے۔ یہ دورہ پارلیمانی سفارت کاری کو مزید مستحکم بنانے اور پاکستان و چین کے درمیان اعتماد اور علاقائی تعاون پر مبنی لازوال دوستی کی توثیق میں اہم کردار ادا کرے گا۔