پاکستان کا میزائل پروگرام خطرہ نہیں‘سٹریٹجک صلاحیتیں مکمل طور پر دفاعی نوعیت کی ہیں دفترخارجہ

میزائل پروگرام بین البرِاعظمی حد سے کہیں کم ہے،بھارت کے مقابلے میں قابلِ اعتماد کم ازکم دفاعی صلاحیت کے نظریئے پر مبنی ہے، بھارتی میزائل خطے کیلئے باعث تشویش ہیں
سٹریٹجک صلاحیتوں کا مقصد قومی خودمختاری کا تحفظ اور امن واستحکام کو برقرار رکھنا ہے‘پاکستان امریکہ کیساتھ باہمی احترام،عدم امتیاز اور تعمیری روابط کے فروغ کیلئے پر عزم ہے:ترجمان
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان کے میزائل پروگرام کو ممکنہ خطرہ قرار دینے کا دعویٰ مسترد کر دیا۔پاکستان کے میزائل پروگرام سے متعلق امریکی ڈائریکٹر نیشنل انٹیلیجنس کے بیان پر ترجمان دفتر خارجہ نے رد عمل جاری کرتے ہوئے میزائل پروگرام کو ممکنہ خطرہ قرار دینے کا دعویٰ مسترد کر دیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی سٹریٹجک صلاحیتیں مکمل طور پر دفاعی نوعیت کی حامل ہیں،سٹریٹجک صلاحیتوں کا مقصد قومی خودمختاری کا تحفظ اور امن واستحکام کو برقرار رکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا میزائل پروگرام بین البرِاعظمی حد سے کہیں کم ہے،بھارت کے مقابلے میں قابلِ اعتماد کم ازکم دفاعی صلاحیت کے نظریئے پر مبنی ہے، بھارت کے زائد فاصلے تک مار کرنے والے میزائل خطے کیلئے باعثِ تشویش ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ باہمی احترام،عدم امتیاز اور تعمیری روابط کے فروغ کیلئے پر عزم ہے، پاکستان ایک متوازن اور محتاط طرزِ عمل اختیار کرنے پر زور دیتا ہے۔