دفاعی میدان میں ایک اور کارنامہ پاکستان کا فتح 4 کروز میزائل کا کامیاب تجربہ 750 کلومیٹر رینج‘ ریڈار اور میزائل دفاعی نظام کو عبور کرنے کی صلاحیت

 فتح 4 کو زمینی لانچ سسٹم سے داغا گیا‘میزائل میں جدید ایوینکس، نیویگیشنل سسٹمز اور ٹیرین ہگنگ خصوصیات شامل ہیں، جو اسے دشمن کے میزائل دفاعی نظام کو عبور کرنے اور انتہائی درستگی سے ہدف کو نشانہ بنانے کے قابل بناتی ہیں
 میزائل  زمین کی سطح کے قریب پرواز کرتا ہے ‘ اس کے ذریعے پاکستان نے اپنی روایتی دفاعی صلاحیت کو مزید وسعت دے دی‘صدر، وزیراعظم  اور افواج کے سربراہوں کی فوجی جوانوں اور سائنسدانوں کو مبارکباد
راولپنڈی (آن لائن) پاکستان نے دفاعی میدان میں ایک اور سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ ملکی ماہرین کے تیار کردہ جدید کروز میزائل فتح-4 کا کامیاب تربیتی لانچ 30 ستمبر 2025 کو پاکستان آرمی کی جانب سے کیا گیا۔ اس تجربے کو پاکستان کی دفاعی صلاحیت کے لیے ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق، فتح-4 کو زمینی لانچ سسٹم سے داغا گیا۔ یہ جدید کروز میزائل 750 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس میں جدید ایوینکس، نیویگیشنل سسٹمز اور ٹیرین ہگنگ خصوصیات شامل ہیں، جو اسے دشمن کے میزائل دفاعی نظام کو عبور کرنے اور انتہائی درستگی سے ہدف کو نشانہ بنانے کے قابل بناتی ہیں۔ میزائل نہ صرف زمین کی سطح کے قریب پرواز کرتا ہے بلکہ دشمن کے ریڈار اور میزائل دفاعی نظام کو بھی عبور کرسکتا ہے۔ اس کے ذریعے پاکستان نے اپنی روایتی دفاعی صلاحیت کو مزید وسعت دی ہے۔میزائل کی شمولیت کے بعد پاکستان آرمی کے روایتی میزائل نظام کی رسائی، مہلک اثر اور بقا مزید بہتر ہوگئی ہے۔ فتح-4 کا یہ لانچ پاکستان آرمی کی راکٹ فورس کمانڈ کے تحت کیا گیا۔تربیتی لانچ کے موقع پر چیف آف جنرل اسٹاف، مسلح افواج کے سینیئر افسران، سائنسدان اور انجینئرز موجود تھے جنہوں نے اس کامیاب تجربے کا مشاہدہ کیا۔اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیرِاعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے بھی فوجی جوانوں، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی اور اسے پاکستان کے دفاعی نظام میں ایک نئی جہت قرار دیا۔پاکستان کا میزائل پروگرام گزشتہ کئی دہائیوں میں بتدریج ترقی کرتا آیا ہے۔ حتف، غوری، شاہین اور نصر جیسے میزائل سسٹمز کے بعد اب فتح سیریز کی شمولیت نے پاکستان کی روایتی اور کروز میزائل صلاحیت کو مزید جدید بنایا ہے۔ فتح-4 کے کامیاب تجربے نے اس بات کو ثابت کردیا ہے کہ پاکستان دفاعی میدان میں خود انحصاری کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔