ویب ڈیسک: برطانوی فلم ساز جمائما گولڈ اسمتھ نے اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر عالمی رہنماؤں کی خاموشی دیکھ کر اپنی آواز بلند کر دی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے جمائما نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت پر سوال اُٹھا دیا۔ انہوں نے کہا کہ 7 اکتوبر کو اسرائیلی بچوں کے قتل پر عالمی رہنماؤں کی مذمت اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا تھا، لیکن 18 مارچ کو فلسطینی بچوں کے قتل پر دنیا خاموش ہے۔جمائما نے کہا کہ اس وقت غزہ میں 130 فلسطینی بچوں کو نیند میں قتل کیا گیا، لیکن اس پر دنیا میں کوئی ردعمل نہیں آیا اور نہ ہی یہ خبریں عالمی سطح پر بریکنگ کے طور پر دیکھی گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں ایسا ہر روز معمول بن چکا ہے، جس پر کوئی بات نہیں کی جاتی۔یاد رہے کہ اسرائیل نے 18 مارچ کو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ پر حملہ کیا تھا جس میں 400 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔