جمائما گولڈ اسمتھ کا رسل برانڈ پر تشدد اور بدسلوکی کا الزام

جمائما گولڈ اسمتھ کا رسل برانڈ پر تشدد اور بدسلوکی کا الزام

ویب ڈیسک: بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے برطانیہ کے معروف اداکار، کامیڈین اور ٹی وی میزبان رسل برانڈ پر تشدد، جبر اور بدسلوکی کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے ماضی کے ایک واقعے کی تفصیلات بھی بیان کردی ہیں۔

جمائما گولڈ اسمتھ نے اپنے بیان میں انکشاف کیا کہ 2014 میں رسل برانڈ کے ساتھ ایک پرتشدد واقعہ پیش آیا تھا، جس کے بعد انہوں نے پولیس کو بلایا اور رسل برانڈ کو اپنے گھر سے نکلوا دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی خاطر اس وقت خاموش رہیں اور قانونی کارروائی نہیں کی۔جمائما کے مطابق گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے ان کا رسل برانڈ کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہے۔ انہوں نے رسل برانڈ کے خلاف جنسی استحصال کے مقدمے میں سامنے آنے والی متاثرہ خواتین کی بہادری کو بھی سراہا اور کہا کہ انہیں اطمینان ہے کہ بالآخر رسل برانڈ کو اپنے خلاف الزامات پر انصاف کا سامنا کرنا پڑا۔

سلویا برکی کے خلاف ہراسانی کے الزامات

اپنے بیان میں جمائما گولڈ اسمتھ نے تھراپسٹ سلویا برکی کے خلاف جاری عدالتی کارروائی اور ہراسانی سے متعلق حکم نامے کا پس منظر بھی بیان کیا۔جمائما نے الزام عائد کیا کہ سلویا برکی نے انہیں یہود مخالف پیغامات، قتل کی دھمکیاں اور نفرت انگیز ای میلز بھیجیں۔ ان کے مطابق ہراسانی کا دائرہ صرف ان تک محدود نہیں رہا بلکہ ان کے بچوں، خاندان، دفتر، صحافیوں اور عالمی ادارے یونیسیف کو بھی نشانہ بنایا گیا۔جمائما کا کہنا تھا کہ سلویا برکی نے ان کے خلاف اغوا، پولیس کو رشوت دینے اور جج کو خریدنے جیسے بے بنیاد الزامات بھی عائد کیے۔انہوں نے بتایا کہ برطانوی ہائی کورٹ نے سلویا برکی کی جانب سے جاری ہراسانی کی مہم کو ظالمانہ اور ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے متعلقہ عدالتی حکم کو مستقل کردیا۔ تاہم جمائما کے مطابق وہ اس عدالتی حکم میں ترمیم پر رضامند ہیں۔

ہراسانی دوبارہ شروع ہونے کا خدشہ

جمائما گولڈ اسمتھ نے مزید انکشاف کیا کہ انہیں خدشہ ہے کہ مستقبل میں دوبارہ ہراسانی کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے، جس کے باعث وہ اب بھی محتاط ہیں۔انہوں نے متاثرہ خواتین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات پر اطمینان ہے کہ رسل برانڈ کو بالآخر اپنے خلاف مقدمے میں قانونی کارروائی اور انصاف کا سامنا کرنا پڑا۔