جمائما گولڈ اسمتھ نے ایلون مسک پر عمران خان کی پوسٹوں کی رسائی محدود کرنے کا الزام لگادیا

جمائما گولڈ اسمتھ نے ایلون مسک پر عمران خان کی پوسٹوں کی رسائی محدود کرنے کا الزام لگادیا

تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے مالک ایلون مسک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جیل میں قید عمران خان سے متعلق پوسٹوں کی محدود کی جانے والی رسائی کو فوری طور پر ختم کریں۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’’دا ٹیلی گراف‘‘ کے مطابق جمائما نے کہا کہ انہیں مضبوط شواہد کی بنیاد پر یقین ہے کہ ایکس کا الگورتھم عمران خان کی صحت، قید اور بچوں سے ملاقات سے متعلق پوسٹس کو دانستہ طور پر کم لوگوں تک پہنچا رہا ہے۔جمائما نے بتایا کہ یہ معلومات انہیں گروک نامی مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹ کے ذریعے حاصل ہوئیں، جسے ایلون مسک کی کمپنی نے تیار کیا ہے۔ ان کے مطابق گروک نے بتایا کہ جب وہ عمران خان کے حالات سے متعلق پوسٹ کرتی ہیں تو پلیٹ فارم کی رسائی اچانک کم ہو جاتی ہے۔جمائما نے مزید کہا کہ پاکستان میں عمران خان ایک سیاسی قیدی ہیں اور ان کے نام اور تصویر پر ٹی وی اور ریڈیو چینلز پر پابندی عائد ہے، جس کے باعث ایکس ہی واحد پلیٹ فارم رہ گیا تھا جہاں ان کی صورتحال اجاگر کی جا سکتی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ 2025 میں ان کی پوسٹوں کی رسائی میں 97 فیصد کمی واقع ہوئی، جبکہ 2023 اور 2024 میں یہ پوسٹس ماہانہ 40 سے 90 کروڑ افراد تک پہنچتی تھیں۔ رواں سال یہ تعداد کم ہو کر تقریباً دو کروڑ 86 لاکھ رہ گئی۔جمائما نے ایلون مسک کے آزادی اظہار کے دعوؤں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی آراء کو دبانا ان اعلانات کے منافی ہے۔ انہوں نے پاکستانی حکام پر بھی الزام لگایا کہ وہ عمران خان کے قریبی حلقے کی آن لائن سرگرمیوں پر خصوصی نظر رکھے ہوئے ہیں، جبکہ ایکس مبینہ طور پر اس میں خاموش تعاون کر رہا ہے۔