جمائما گولڈ اسمتھ کی دوسری شادی، بزنس مین کیمرون او ریلی سے رشتہ ازدواج میں منسلک

جمائما گولڈ اسمتھ کی دوسری شادی، بزنس مین کیمرون او ریلی سے رشتہ ازدواج میں منسلک

سابق وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور فلم پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ نے بزنس مین کیمرون او ریلی سے دوسری شادی کرلی۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق 52 سالہ جمائما گولڈ اسمتھ نے گزشتہ ہفتے کے آخر میں 62 سالہ کیمرون او ریلی سے شادی کی۔ اس سے قبل مئی میں دونوں کی ایک سالہ قربت کے بعد منگنی کی خبر سامنے آئی تھی۔آئرش نژاد آسٹریلوی کیمرون او ریلی آنجہانی میڈیا ٹائیکون اور سابق بین الاقوامی رگبی اسٹار سر انتھونی او ریلی کے صاحبزادے ہیں۔ انہوں نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور اپنے کیریئر کے دوران خاندانی کاروبار سمیت نجی سرمایہ کاری کے شعبے میں کام کیا۔رپورٹ کے مطابق جمائما اور کیمرون کی ملاقات فلم اور ڈاکیومنٹریز کے سلسلے میں ہوئی، جہاں کیمرون ایگزیکٹو پروڈیوسر کے طور پر کام کر رہے تھے۔

 دونوں پہلے دوست بنے اور بعد ازاں ان کی دوستی رومانوی تعلق میں تبدیل ہوگئی۔جمائما کے بھائی بین گولڈ اسمتھ نے بھی جوڑے کی شادی کی تصدیق کردی ہے۔واضح رہے کہ جمائما گولڈ اسمتھ نے عمران خان سے 1995 میں شادی کی تھی، تاہم 9 سال بعد 2004 میں دونوں کی علیحدگی ہوگئی۔ دونوں کے دو بیٹے سلیمان اور قاسم ہیں۔