غزہ پر اسرائیلی حملے: 71 فلسطینی شہید، خواتین اور بچے شامل

غزہ پر اسرائیلی حملے: 71 فلسطینی شہید، خواتین اور بچے شامل

غزہ: اسرائیل کی تازہ بمباری میں 71 فلسطینی شہید، خواتین اور بچوں سمیت جانی نقصان

اسرائیل نے غزہ کے شمالی اور جنوبی علاقوں میں تازہ فضائی حملے کیے ہیں، جس کے نتیجے میں کم از کم 71 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں، جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔ ان حملوں کا نشانہ زیادہ تر رہائشی علاقے تھے، جہاں متعدد گھروں پر بمباری کی گئی۔ اسرائیلی فضائیہ نے خان یونس اور رفح میں کم از کم 10 رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا، جس میں پورے خاندان شہید ہو گئے۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، اسرائیلی جارحیت میں اب تک 49 ہزار 547 فلسطینی شہید اور 1 لاکھ 12 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ فلسطینی سرکاری میڈیا کے مطابق، ملبے تلے ہزاروں افراد دبے ہوئے ہیں اور انہیں مردہ تصور کیا جا رہا ہے۔اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے غزہ میں حماس کے خلاف شدید کارروائیوں اور مقبوضہ مغربی کنارے میں مزید فوجی اقدامات کا عندیہ دیا ہے، جس سے علاقے میں کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ہے۔

حوثی باغیوں نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اسرائیل کے بن گوریون ہوائی اڈے کو فلسطین-ٹو ہائپر سونک بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا ہے، جس کے بعد اسرائیل میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔اس دوران، اقوام متحدہ میں فلسطینی مشن نے عالمی برادری سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے اور اسرائیلی جنگی مشینری کو روکنے میں ناکامی کو سلامتی کونسل کی ساکھ کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے۔دوسری جانب، اسرائیلی عوام بھی نیتن یاہو کی حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ ہزاروں افراد نے یروشلم میں مظاہرہ کیا اور نیتن یاہو کی عدالتی اصلاحات اور سیکیورٹی اداروں پر کنٹرول حاصل کرنے کی کوششوں کے خلاف احتجاج کیا۔