اسلام آباد: انسدادِ دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں فیصل جاوید خان، واثق قیوم اور دیگر 3 ملزمان کی بریت کی درخواستیں خارج کر دیں۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جج طاہر عباس سپرا نے بانی پی ٹی آئی کی نااہلی پر فیض آباد میں احتجاج کے کیس پر سماعت کی۔ فیصل جاوید خان اور واثق قیوم کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے انہیں مسترد کر دیا۔اس کے علاوہ، فیصل جاوید خان کی دہشت گردی کی دفعات کے خاتمے کی درخواست بھی خارج کر دی گئی۔ عدالت نے سابق ایم پی اے راجہ راشد حفیظ کو مقدمہ میں اشتہاری قرار دے دیا، کیونکہ وہ مسلسل غیر حاضری کے مرتکب ہو رہے ہیں۔کیس کی مزید سماعت 8 اپریل تک ملتوی کر دی گئی، اور آئندہ سماعت کے دوران ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔واضح رہے کہ فیصل جاوید خان اور دیگر ملزمان کے خلاف تھانہ انڈسٹریل ایریا میں مقدمہ درج ہے۔