وعدے پورے نہیں ہوئے‘ آزاد حیثیت میں یا اپوزیشن بینچز پر بیٹھنے کا فیصلہ کریں گے :امین الحق
اسلام آباد (آئی این پی )ایم کیو ایم پاکستان نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کے لئے رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کر لیا۔ پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما امین الحق کا کہنا تھاکہ ہم نے رابطہ کمیٹی کا اجلاس بلا لیا ہے جس میں اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے پر مشاورت کریں گے۔امین الحق کا کہنا تھا کہ مرکزی کمیٹی کا اجلاس بلایا ہے تاکہ فیصلہ کریں کہ آزاد حیثیت میں یا اپوزیشن بینچز پر بیٹھیں گے۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ ہماری خواہش تھی کہ شہباز شریف وزیراعظم بنیں لیکن ایم کیو ایم کے ساتھ جو وعدے کئے گئے تھے وہ پورے نہیں ہوئے۔، پارٹی وفاقی حکومت سے علیحدگی سمیت اپوزیشن بینچز پر بیٹھنے پر مشاورت کرے گی۔