مریم نواز نے ہمارے منصوبوں پراپنی تختیاں لگائیں: وائٹ پیپر

جب تحریک انصاف کی حکومت پر شب خون مارا گیا اس وقت ہمارے پاس 22 لاکھ ٹن گندم تھی
 صحافی کالونی فیز ٹو  کی منظوری پی ٹی آئی نے دی تھی‘مریم مجھ سے مناظرہ کرلیں:ملک احمد خان

لاہور(سپیشل رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مریم نواز حکومت کے خلاف وائٹ پیپر جاری کردیا گیا جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ موجودہ پنجاب حکومت نے تحریک انصاف کے منصوبوں پر اپنی تختیاں لگائی ہیں۔ تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب حکومت کے خلاف وائٹ پیپر جاری کرنے کیلیے تقریب کا انعقاد نجی ہوٹل میں  کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بچھر نے کہا جب تحریک انصاف کی حکومت پر شب خون مارا گیا اس وقت ہمارے پاس 22 لاکھ ٹن گندم موجود تھی، جبکہ انہوں نے وافر گندم کے باوجود گندم امپورٹ کی، ان کی ظالمانہ پالیسیوں جی وجہ سے اس دفعہ 30 فیصد کم گندم کاشت ہوئی ہے۔ ملک احمد خان نے کہا کہ  مریم نواز نے دعوی کیا ہے کہ صحافی کالونی فیز ٹو  کاانہوں نے آغاز کیا جبکہ پی ٹی ائی پہلے ہی فیز ٹو کی منظوری دے چکی تھی۔ ملک احمد خان بچھر کا کہنا تھا کہ پنجاب ڈیفمیشن ایکٹ انہوں نے اپنا کارنامہ بتایا ہے، یعنی  لفظ چھںیننا اور اظہار رائے پر قدغن لگانا انہوں نے اپنی کارکردگی میں دکھایا ہے۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پریس کلب کی معاونت کا انہوں نے دعوی کیا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے پاکستان تحریک انصاف نے ہر ضلع اور تحصیل تک ہر پریس کلب کو وافر گرانٹ دی اور لاہور پریس کلب کی گرانٹ پچاس لاکھ سے بڑھا کر دو کروڑ کی تھی۔ ملک احمد خان بچھر نے کہا کہ موجودہ پنجاب حکومت نے تحریک انصاف کے منصوبوں پر اپنا تختیاں لگائی ہیں،  میں مریم نواز کو مناظرے کا چیلنج دیتا ہوں وہ آئیں اور مجھ سے اس پر مناظرہ کر لیں۔