پی ٹی آئی کی اجلاس میں عدم شرکت بڑی غلطی ہے:فیصل واوڈا

    اسلام آباد(آئی این پی) سینیٹر فیصل واوڈا نے قومی سلامتی کمیٹی کے اہم اجلاس میں  پی ٹی آئی کی  عدم شرکت کو بڑی غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ  یہ  عجیب فیصلہ تھا، دہشتگردی کا مسئلہ قومی ایشو تھا، پی ٹی آئی کی عدم شرکت مناسب نہیں تھی۔ایک انٹرویو  میں فیصل واوڈا نے کہا کہ اجلاس میں کسی نے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں کرنا تھی، اجلاس میں پاکستان اور ملکی سلامتی سے متعلق ہی بات ہونی تھی، میرے خیال سے پی ٹی آئی کو اجلاس میں شرکت کرنا چاہیے تھی، انہوں نے بڑی غلطی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کنفیوژن کا شکار ہے کیونکہ اختلافات ختم نہیں ہو رہے، ایک طرف پی ٹی آئی نہیں آ رہی اور دوسری طرف علی امین گنڈاپور نے شرکت کی، وہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا کی حیثیت سے آ رہے ہیں تو پی ٹی آئی کی نمائندگی کر رہے ہیں۔