وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنااللہ نے بجٹ کے بعد وزیراعظم کی تبدیلی سے متعلق سامنے آنے والی خبروں کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی افواہیں ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بعض عناصر دانستہ طور پر قیاس آرائیاں پھیلا رہے ہیں، تاہم وزیراعظم کی تبدیلی سے متعلق کوئی حقیقت موجود نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ وزیراعظم اس وقت ملک کو بہتر انداز میں آگے لے جا رہے ہیں اور حکومتی پالیسیوں کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے وقار میں بہتری آئی ہے، اور ایسے وقت میں غیر ضروری سیاسی بحثیں ملک کے مفاد میں نہیں۔
رانا ثنااللہ نے مزید کہا کہ حکومت نے ہمیشہ اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات اور سیاسی ڈائیلاگ کو ترجیح دی ہے، تاہم ماضی میں اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف مقدمات کا ایک مختلف سیاسی ماحول تھا۔انہوں نے زور دیا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں استحکام ضروری ہے اور افواہوں کے ذریعے غیر یقینی پیدا کرنے کی کوششیں ملک کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔