اکبر فلائی اوور پر حفاظتی انتظامات بہتر بنانے کیلئے مراسلہ ارسال

حفاظتی دیوار کی کم اونچائی خطرہ بن گئی، 3شہری فلائی اوور سے گر کر جاں بحق ہو چکے 
 لاہور(کرائم رپورٹر)اکبر فلائی اوور پر حفاظتی دیوار کی کم اونچائی شہریوں کی جانوں کے لیے خطرہ بن گئی۔ ٹریفک پولیس نے فلائی اوور پر پیش آنے والے مہلک حادثات کے بعد حفاظتی انتظامات فوری بہتر بنانے کے لیے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کو دوبارہ مراسلہ ارسال کر دیا ہیذرائع کے مطابق اکبر فلائی اوور پر اب تک دو بڑے مہلک حادثات رونما ہو چکے ہیں جبکہ فلائی اوور سے گر کر تین شہری جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ ٹریفک پولیس نے حفاظتی دیوار اور بیریئرز کی اونچائی بڑھانے کی سفارش کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو مزید قیمتی جانوں کا نقصان ہو سکتا ہے۔مراسلے میں عوامی تحفظ کے پیش نظر فلائی اوور پر حفاظتی بیریئرز اور دیواروں کو مزید مؤثر بنانے کی درخواست کی گئی ہے۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے حفاظتی اقدامات فوری مکمل کیے جائیں۔سی ٹی او لاہور نے بھی متعلقہ اداروں پر زور دیا ہے کہ اکبر فلائی اوور کو محفوظ بنانے کے لیے فوری اور مؤثر انتظامات کیے جائیں تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔