اکبر چوک فلائی اوور پرموبائلز چھیننے والے4ملزم گرفتار

لٹنے والے شہری کا دوست ملوث نکلا، ملزموں سے10 موبائل فونز، دو پستول برآمد 
لاہور(کرائم رپورٹر)اکبر چوک فلائی اوور پر شہری سے دوقیمتی موبائل فونز چھیننے والے چار ملزموں کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم شہری سے آئی فون 17 پرو اور اوپو A9 موبائل فون چھین کر فرار ہوئے تھے۔واردات کے فوری بعد پولیس نے تکنیکی بنیادوں پر تفتیش شروع کی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ اور بیک ٹریکنگ کے ذریعے اہم شواہد حاصل کیے گئے۔فوٹیج تجزیے کے دوران متاثرہ شہری کے دوست کا کردار مشکوک پایا گیا جس سے پوچھ گچھ اور سی سی ٹی وی شواہد کی کڑیاں ملنے پر واردات کا راز کھل گیا۔ متاثرہ شہری کے دوست کی نشاندہی پر واردات میں ملوث چار ملزموں مدثر، مقصود، علی رضا اور ذیشان کو گرفتار کرلیاگیا۔ گرفتار ملزموں نے دوران تفتیش دیگر وارداتوں کا بھی انکشاف کیا۔ ملزموں سے 10 موبائل فونز اور واردات میں استعمال ہونیوالے دو پستول بھی برآمد کر لیے گئے۔ ملزموں کیخلاف مقدمہ درج کر کے انہیں مزید تفتیش کیلئے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ،قانونی کارروائی جاری ہے۔