لاہور (کرائم رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت شافع حسین نے پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا دورہ کیاجہاں پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں 20 نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لیا گیا۔بورڈ کی ورکنگ میں مزید بہتری لانے کیلئے متعدد امور کی منظوری دی گئی۔بورڈ نے اسیسمنٹ اور سرٹیفیکیشن سسٹم کی ڈیجیٹائزیشن اور رقوم کی زیادہ منافع دینے والے بینک میں دوبار ہ سرمایہ کاری،ڈیلی ویجز سٹاف کی اجرت کی شرح بڑھانے اور بورڈ ممبران کی اجلاس میں شرکت کا اعزازیہ 15ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔بورڈ نے بعض دیگر مالی و انتظامی امور ،فنی تعلیم کے بعض اداروں کی رجسٹریشن فیس،طلبا کی امتحانی فیس،جرمانوں کی معافی اور دیگر معاملات کی بھی منظوری دی۔ صوبائی وزیر صنعت نے گفتگوکرتے ہوئے کہا امتحانی نظام کو مزید شفاف بنانے کیلئے مانیٹرنگ کا مؤثر نظام وضع کیا جائے،امتحانات کی آن لائن مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم بنایا جائے۔ صوبائی وزیر نے بورڈ کی ورکنگ بہتر بنانے کیلئے تجاویز بھی طلب کیں۔