داخلے کے لئے طالب علم کا اپنا ڈومیسائل اور پی آر سی جمع کرانے کی شرط ختم کر دی گئی
کراچی (آئی این پی )سندھ بھر کے سرکاری کالجوں میں گیارہویں جماعت میں داخلوں کا آغاز ہو گیا ، تاہم اس بار داخلے کے لیے ایک نئی شرط نے والدین اور طلبہ کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ۔ محکمہ تعلیم نے طالب علم کے بجائے والد کے ڈومیسائل کو لازمی قرار دے دیا ہے جبکہ طالب علم کا اپنا ڈومیسائل اور پی آر سی جمع کرانے کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ڈی جی کالجز نوید رب کے مطابق داخلے کے عمل میں آسانی کے لیے پانچویں اور آٹھویں جماعت کے نتائج بھی اب لازمی نہیں رہے جبکہ نویں جماعت کے دو پرچوں میں فیل طلبہ کو بھی داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔داخلوں کا سلسلہ 15 جولائی تک جاری رہے گا، جبکہ 22 جولائی سے میرٹ فہرستیں آویزاں کر دی جائیں گی۔