حسن علی کی بھارت میں جیب تراشی کی وائرل ویڈیو جعلی قرار، اہلیہ کی وضاحت

حسن علی کی بھارت میں جیب تراشی کی وائرل ویڈیو جعلی قرار، اہلیہ کی وضاحت

پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی سے منسوب ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ انہیں بھارت کی ایک ٹرین میں جیب تراشی کرتے ہوئے پکڑا گیا اور بعد ازاں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

تاہم دستیاب معلومات کے مطابق یہ دعویٰ بے بنیاد ہے اور ویڈیو میں نظر آنے والا شخص حسن علی نہیں ہے۔اس معاملے پر حسن علی کی اہلیہ سمیعہ خان نے بھی وضاحت کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی تردید کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا خاندان گزشتہ تین برس سے بھارت نہیں گیا، اس لیے ویڈیو کو حسن علی سے جوڑنا حقیقت کے منافی ہے۔سمیعہ خان نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی خبر یا ویڈیو کو شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق ضرور کریں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی اور گمراہ کن معلومات تیزی سے پھیل جاتی ہیں، جس سے متعلقہ افراد اور ان کے اہلِ خانہ کو غیر ضروری پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے جعلی خبروں کے پھیلاؤ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت جانے بغیر کسی بھی دعوے پر یقین کرنا یا اسے آگے پھیلانا مناسب نہیں۔واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر معروف شخصیات سے متعلق جعلی ویڈیوز اور گمراہ کن دعوے اکثر وائرل ہوتے رہتے ہیں، جن کی بعد ازاں متعلقہ افراد یا حقائق کی جانچ کرنے والے ذرائع تردید کر دیتے ہیں۔