ویب ڈیسک: انگلینڈ میں کاؤنٹی چیمپئین شپ میچ کے دوران ایک دلچسپ اور غیر معمولی واقعہ پیش آیا جب لنکاشائر کے بولر ٹام بیلی کے جیب سے بیٹنگ کے دوران موبائل فون گر گیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر اس واقعے پر دلچسپی اور تبصرے شروع ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، ٹام بیلی بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے اور دو رنز بنانے کی کوشش کرتے ہوئے ان کا موبائل فون ان کی جیب سے گر کر پچ پر آ گیا۔ اس واقعے نے نہ صرف کرکٹ کے حلقوں میں بلکہ سوشل میڈیا پر بھی بحث کا آغاز کر دیا۔اب سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ کرکٹر بیٹنگ کے دوران اپنے ساتھ موبائل فون کیوں لے کر آیا تھا؟ انٹرنیٹ پر اس واقعے نے صارفین کو حیران کن صورتحال میں ڈال دیا، اور بعض صارفین نے اس پر ہنسی مذاق بھی کیا۔بیلی نے میچ کے دوسرے دن بیٹنگ کے دوران 31 گیندوں پر 22 رنز بنائے اور آخر تک ناٹ آؤٹ رہے، جب کہ لنکاشائر 401/8 پر بیٹنگ کر رہی تھی۔اس عجیب و غریب واقعے نے کرکٹ کی دنیا کو چونکا دیا، اور اس پر کئی سوالات بھی اٹھائے گئے ہیں کہ آیا کرکٹرز کو میدان میں بیٹنگ کے دوران موبائل فون رکھنے کی اجازت ہونی چاہیے یا نہیں۔